انتظامیہ نے عوامی ریلیف کے لیے اقدامات مزید تیز کر دیئے ہیں،ڈپٹی کمشنرملتان

جمعہ 3 اکتوبر 2025 18:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف محکموں کی کارکردگی اور کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سی پی او صادق علی ڈوگر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تجاوزات، بجلی چوری، غیر قانونی آئل ایجنسیوں اور سمگلنگ کے خلاف جاری آپریشنز پربریفنگ دی گئی۔

ڈپٹی کمشنرنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی ریلیف کے لیے تمام محکموں کو مؤثر اور بروقت اقدامات یقینی بنانے ہوں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو آمدورفت اور کاروباری سرگرمیوں میں آسانی میسر آ سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بجلی چوری اور سمگلنگ جیسے جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پا لیسی پر عمل کیا جائے اور غیر قانونی آئل ایجنسیوں کے خلاف سخت ایکشن جاری رکھا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مفاد کے کسی بھی معاملے میں کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے پلیٹ فارم کو مزید فعال بنانے اور تمام محکموں کے درمیان باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ شرکاء نے کہا کہ مشترکہ حکمت عملی اور ہم آہنگی کے ذریعے ہی عوامی مسائل کا فوری اور مؤثر حل ممکن ہے۔

متعلقہ عنوان :