پنجاب حکومت کا ایک اور احسن اقدام،سرکاری دفاتر کی کاغذی کارروائی مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دی

جمعہ 3 اکتوبر 2025 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) پنجاب حکومت نے ایک اور احسن اقدام اٹھاتے ہوئے سول سیکرٹریٹ اور سرکاری دفاتر کی کاغذی کارروائی کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا ہے،اس انقلابی قدم سے کروڑوں روپے کی بچت اور سرکاری امور میں شفافیت وتیزی آئے گی۔

(جاری ہے)

ترجمان چیف سیکرٹری آفس کے مطابق اب تمام پیپر ورک ڈیجیٹل کیا جائے گا اور تمام فائلز وکاغذات ای فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن (ای فاس) پر اپ لوڈ ہوں گے، روایتی فائل سسٹم کو ختم کر دیااور اس مقصد کے لیے سول سیکرٹریٹ سے تمام ہارڈ کاپی فائلز ڈسپوز (Dispose) کرنے کیلئے جمع کر لی گئی ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹلائزیشن سے سٹیشنری کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت ہوگی اور سٹیشنری کا 80 فیصد سے زائد بجٹ ختم کر دیا جائے گا۔ای فاس سے کام کی رفتار تیز ہوگی اور اس سسٹم کے ذریعے تمام فائلز کو ڈیجیٹلی ٹریک کیا جا سکے گا جبکہ کسی بھی دفتر میں فائل غیر ضروری طور پر رکنے کی صورت میں چیف سیکرٹری آفس کیلئے فوری الرٹ جاری ہو گا تاکہ تاخیر کا تدارک کیا جا سکے۔یہ ڈیجیٹلائزیشن حکومت پنجاب کے گڈ گورننس کے ایجنڈے کو فروغ دینے اور عوام کی خدمت کے معیار کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔