Live Updates

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے فصلوں کے نقصان کے ازالہ کیلئے 20 ہزار روپے فی ایکڑ مالی امداد کی منظوری دیدی ، افتخار علی سہو

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 16:56

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے فصلوں کے نقصان کے ازالہ کیلئے 20 ہزار روپے فی ایکڑ مالی امداد کی منظوری دے دی ہے۔یہ بات انہوں نے ملتان میں فصلوں کی موجودہ صورتِ حال کے جائزہ سے متعلق منعقدہ اجلاس میں کہی ۔اجلاس میں کپاس، دھان، کماد اور فیلڈ میں موجود دیگر فصلوں کی موجودہ صورتِ حال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی، وائس چانسلر ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر آصف علی، ڈائریکٹر جنرلز محکمہ زراعت پنجاب چوہدری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں، ڈاکٹر عامر رسول، ڈاکٹر ساجدالرحمان، کنسلٹنٹ محکمہ زراعت ڈاکٹر محمد انجم علی، ڈاکٹر محمد اقبال بندیشہ، کاٹن گروور سید حسن رضا، خالد محمود کھوکھر سمیت محکمہ زراعت توسیع و پیسٹ وارننگ کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ وزیرِ زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی قیادت میں کپاس کی پیداوار میں اضافے کے لیے کیے گئے اقدامات کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔ کراپ رپورٹنگ سروس کے اعدادوشمار کے مطابق اب تک 26 لاکھ 50 ہزار روئی کی گانٹھوں کے برابر پھٹی کی چنائی ہو چکی ہے جبکہ گزشتہ برس اسی عرصہ کے دوران 18 لاکھ 46 ہزار گانٹھوں کے برابر پھٹی کی چنائی ہوئی تھی۔

افتخار علی سہو نے کہا کہ سیلاب سے نقصانات کے سروے کے لیے 2 ہزار سے زائد ٹیمیں فیلڈ میں مصروفِ عمل ہیں اور گندم کی کاشت کے ہدف کے حصول کے لیے جامع ایکشن پلان تیار کر لیا گیا ہے۔علاوہ ازیں، 1700 سے زائد نئے انٹرنیز نے فیلڈ میں عملی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں، جس سے زرعی خدمات کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات