الیکشن کمپین کے دوران عوام سے کئے وعدے پورے ہوتے جا رہے ہیں،میر اعجاز خان سنجرانی

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 21:05

دالبندین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2025ء)بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر اور سابق مشیر وزیر اعلیٰ بلوچستان، میر اعجاز خان سنجرانی نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمپین کے دوران عوام سے جو وعدے کیے گئے تھے، وہ آج پورے ہوتے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے الیکشن میں عوام سے وعدہ کیا تھا کہ صحت اور تعلیم کے شعبے میں تبدیلی لاؤں گا۔

آج، الحمدللہ صوبائی اسمبلی سے ایکٹ پاس ہو چکا ہے اور پرنس فہد ہسپتال کو اپ گریڈ کر کے ایک خودمختار(Autonomous) اٹانومس ،ہسپتال بنا دیا گیا ہے۔ اب اس ہسپتال میں عوام کو صحت کی تمام سہولیات میسر ہوں گی، جو چاغی کے عوام کے لیے ایک بڑی تبدیلی ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم میری اولین ترجیحات تھیں اور یہ ہمارے منشور میں بھی شامل تھیں، جن پر اللہ تعالیٰ نے ہمیں بڑی کامیابی دی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ پرنس فہد ہسپتال اب ایک ٹیچنگ اور نرسنگ ہسپتال بھی ہوگا، جہاں باقاعدہ ایک سی ای او اور بورڈ آف گورنرز تعینات ہوگا۔ اس کے علاوہ ٹاپ لیول کے سرجنز، اسپیشلسٹ اور ڈاکٹرز بھی خدمات انجام دیں گے کیونکہ یہ ہسپتال اب ایک خودمختار ادارہ بن چکا ہے، جہاں ڈاکٹروں کو بہترین معاوضہ بھی ملے گا۔انہوں نے کہا کہ اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ ضلع چاغی میں کام کرنے والی تمام ملٹی نیشنل کمپنیاں اپنے سی ایس آر فنڈز سے 15 سے 30 فیصد حصہ پرنس فہد ہسپتال کو فراہم کریں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پرنس فہد ہسپتال کا خودمختار ادارے کے طور پر اپ گریڈ ہونا صحت کے شعبے میں ایک تاریخی اقدام ہے، اور ہمیں امید ہے کہ اس کے بعد چاغی کے عوام کو صحت کے حوالے سے کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔اور ہم اس اقدام پر وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کے بھی شکر گزار ہیانہوں نے کہا کہ ہم نے عوام سے جو بھی وعدے کیے ہیں، انشائ اللہ عوام بہت جلد ان کے ثمرات دیکھیں گے، کیونکہ صحت اور تعلیم کسی بھی ترقی یافتہ معاشرے کی بنیادی نشانیاں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے حوالے سے یہ تاریخی اقدام چاغی کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہے۔ عوام کو مزید بھی اس طرح کے اقدامات بہت جلد نظر آئیں گے۔ ہم نے جو بھی وعدے عوام سے کیے ہیں، وہ آہستہ آہستہ سب پورے ہوں گے اور ہم ضلع چاغی کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔