پنجاب فوڈ اتھارٹی کے چھانگامانگا میں کیمیکل سے جعلی دودھ بنانے والے یونٹ پر چھاپہ،ملزمان کا ٹیم پر دھاوا

ملزمان سرکاری گاڑی کے شیشے توڑکر گاڑی میں پڑے 15لاکھ روپے، ٹیسٹنگ مشین اور سرکاری ریکارڈ بھی لے اڑے

اتوار 5 اکتوبر 2025 11:40

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء)پنجاب فوڈ اتھارٹی کے چھانگامانگا میں کیمیکل سے جعلی دودھ بنانے والے یونٹ پر چھاپے کے دوران درجن سے زائد افراد کا فوڈ اتھارٹی کے ملازمین پر دھاوا، چار ملازمین زخمی جبکہ ملزمان سرکاری گاڑی کے شیشے توڑکر گاڑی میں پڑے 15 لاکھ روپے، ٹیسٹنگ مشین اور سرکاری ریکارڈ بھی لے اڑے۔ تفصیل کے مطابق ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ڈی سی قصور کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ضلع بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف بھرپور آپریشن شروع کررکھا ہے۔

گذشتہ روز پنجاب فوڈ اتھارٹی نے چھانگامانگا کے علاقہ واں کھارا میں کیمیکل سے زہریلا اور جعلی دودھ تیار کرنے والے یونٹ پر چھاپہ مارتو بااثر افراد نے فوڈ اتھارٹی کی ٹیم پر ڈنڈے اور سوٹوں سے حملہ کرکے 4 اہلکاروں کو شدید زخمی کردیا جبکہ بااثر افراد نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم پر حملے کے دوران سرکاری گاڑی کے شیشے توڑ کرسرکاری ملازمین کو یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے مقدمہ کے اندراج اور قانونی کارروائی کے لیے تھانہ چھانگا مانگا میں درخواست جمع کروا دی۔ تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی ہے۔ فوڈ اتھارٹی کے زخمی ہونے والے چاروں ملازمین کو میڈیکل کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملاوٹ کرکے زہریلا اور کیمیکل زدہ دودھ کا مکرو دھندہ کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔