عجائب گھروں کا قیام ، بحالی پنجاب کو پرکشش بنائے گی‘ ڈاکٹر احسان بھٹہ

نئے عجائب گھروں میں آئی ٹی بیسڈ سسٹمز، اے آر/وی آر تجربات ،جدید لائٹنگ کو تاریخی نوادرات کیساتھ ہم آہنگ کیا جائیگا

اتوار 5 اکتوبر 2025 14:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء)سیکرٹری سیاحت، آثار قدیمہ و عجائب گھر پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ سیاحوں کے لیے عالمی معیار کے عجائب گھر اور تاریخی ورثے کی بحالی پنجاب کو پرکشش بنائے گی۔ پنجاب، جو صوفیا، اولیا اور صدیوں پر محیط تہذیب و ثقافت کی سرزمین ہے، اب سیاحوں کو تاریخ اور ورثے کے ایک نئے روپ میں خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے۔

ملتان کے روحانی حسن سے لے کر گوجرانوالہ کی تاریخی عظمت اور سیالکوٹ کی عالمی شہرت تک،ہم ایک ایسا وژن پیش کر رہے ہیں جہاں روایت جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہو رہی ہے۔ سیکرٹری سیاحت، آثار قدیمہ و عجائب گھر پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی قیادت میں تاریخی مقامات کی بحالی اور جدید عجائب گھروں کے قیام کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب کا ورثہ اب چھپا نہیں رہے گا، یہ ہمارے لوگوں کے فخر اور دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے کشش کا باعث بنے گا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ڈی جی آثار قدیمہ ظہیر عباس ملک، ایڈیشنل سیکرٹری صدف ظفر اور دیگر افسران کے ہمراہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتایا کہ 1974 کی او آئی سی کانفرنس کی علامت "سمٹ مینار" جو کئی دہائیوں سے نظر انداز تھا، اب بحال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گوجرانوالہ میں رنجیت سنگھ میوزیم، ملتان میں نیا ثقافتی میوزیم اور سیالکوٹ میں جدید عجائب گھر قائم کیا جا رہا ہے جو شہر کی عالمی شناخت کھیلوں کے سامان، لیدر اور سرجیکل مصنوعات کے ساتھ ساتھ ادبی و تاریخی ورثے کے باعث عالمی شناخت رکھتا ہے اسکی حیثیت کو بھرپور اجاگر کریں گے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محترمہ صبا علی کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے اس مقصد کے لیے عمارت فراہم کی اور یقین دہانی کرائی کہ محکمہ آثار قدیمہ، پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن اور پلاک کے اشتراک سے اس عجائب گھر کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہڑپہ کی جدید گیلریز عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کر چکی ہیں، جبکہ ٹیکسلا میوزیم جو عالمی ثقافتی ورثے یونیسکو ورلڈ ہیرٹیج سائٹ میں شامل ہے کو بھی اسی طرز پر توسیع دی جائے گی۔ اجلاس کے اختتام پر ڈاکٹر احسان بھٹہ نے بتایا کہ صوبہ بھر کے نئے عجائب گھروں میں جدید ٹیکنالوجی بشمول آئی ٹی بیسڈ سسٹمز، اے آر/وی آر تجربات اور جدید لائٹنگ کو تاریخی نوادرات کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف ثقافتی ورثے کے تحفظ کو یقینی بنائے گا بلکہ عجائب گھروں کو علم و سیاحت کے متحرک مراکز میں تبدیل کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا پنجاب کو ایک ایسے خطے کے طور پر دیکھے گی جہاں تاریخ کی گونج جدید روشنی میں محفوظ ہے اورایک ایسی سرزمین جہاں ہر مسافر کو تحریک، جستجو اور فخر کا احساس ملتا ہے۔