Live Updates

سیلاب سے کبیروالا، ملتان، جلال پور پیر والا اور علی پور کے آم کے باغات شدید متاثر ہوئے ہیں، سیکرٹری زراعت پنجاب

اتوار 5 اکتوبر 2025 17:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت ملتان میں آم کے باغات پر سیلاب کے اثرات کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں متاثرہ علاقوں کی صورتحال اور بحالی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت نے ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ آم کے باغات کا جامع سروے کیا جائے تاکہ نقصان کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور محکمہ زراعت توسیع کے افسران کو سروے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہوکا کہنا تھا کہ سروے کے دوران آم کے متاثرہ پودوں کی صحت کے حوالے سے کاشتکاروں کو عملی رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ باغات کی بحالی ممکن بنائی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے کبیروالا، ملتان، جلال پور پیر والا اور علی پور کے آم کے باغات بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ پاکستانی آم کو ملکی و بین الاقوامی منڈیوں میں نمایاں مقام حاصل ہے، اسی لیے حکومت آم کی کوالٹی اور پیداوار میں اضافہ کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 75 کروڑ روپے کی لاگت سے آم کی پیداوار میں اضافے کے پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی، وائس چانسلر ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر آصف علی، ڈائریکٹر جنرلز محکمہ زراعت پنجاب چوہدری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں، ڈاکٹر عامر رسول، کنسلٹنٹ محکمہ زراعت ڈاکٹر محمد انجم علی اور مینگو گروورز نے شرکت کی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات