بلوچستان کے تعلیمی نظام میں اساتذہ کا کردار ناقابلِ فراموش ہے، کنٹرولر امتحانات

اتوار 5 اکتوبر 2025 17:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی کنٹرولر امتحانات عابدہ کاکڑ نے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار اور نسلِ نو کے مستقبل کے ضامن ہیں۔ ان کا کردار کسی بھی معاشرے کی فکری، اخلاقی اور تعلیمی ترقی کی بنیاد ہوتا ہے۔

عابدہ کاکڑ نے اپنے پیغام میں کہا کہ اساتذہ محض علم بانٹنے والے نہیں بلکہ کردار ساز بھی ہیں۔

(جاری ہے)

ایک استاد کی دی گئی تربیت طالب علم کو نہ صرف ایک اچھا پیشہ ور بناتی ہے بلکہ ایک بہتر انسان اور ذمہ دار شہری بھی بناتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تعلیمی نظام میں اساتذہ کا کردار ناقابلِ فراموش ہے، خصوصاً پسماندہ علاقوں میں تعلیمی چراغ روشن کرنے میں اساتذہ نے انتھک محنت کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان بورڈ اساتذہ کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔آخر میں انہوں نے اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن آپ کی محنت، لگن اور قربانیوں کو تسلیم کرنے کا دن ہے۔ آپ کو عالمی یومِ اساتذہ بہت مبارک ہو۔

متعلقہ عنوان :