مسلم لیگ ن کی حکومت عوامی فلاح و بہبود اور تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے،وزیر اعلیٰ مریم نواز کا راولپنڈی میں فقید المثال استقبال کیا جائے گا ،بیرسٹر دانیا ل چوہدری

اتوار 5 اکتوبر 2025 21:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دورہ راولپنڈی پر ان کا فقید المثال استقبال کیا جائے گا جس کے لیے بھرپور تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے زیر اہتمام منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، رکن پنجاب اسمبلی ضیا اللہ شاہ، سابق میئر سردار نسیم، حاجی پرویز سمیت تاجروں، دکانداروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف رواں ماہ راولپنڈی کا دورہ کریں گی جہاں وہ شہریوں کے لیے جدید الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کریں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ راولپنڈی کے شہریوں کے لیے جدید، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرے گا جو سفر کو سستا، آسان اور باوقار بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ الیکٹرک بس سروس راولپنڈی کے عوام کے لیے ایک شاندار تحفہ ہے جو ماحولیاتی تحفظ میں بھی نمایاں کردار ادا کرے گی۔ یہ منصوبہ خاص طور پر ماؤں، بہنوں، طلبہ، نوجوانوں اور محنت کش طبقے کے لیے سہولت اور امید کی نئی کرن ثابت ہو گا۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی فلاح و بہبود اور تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے دن رات محنت کی۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے تمام علاقے ایک ہی شہر کا حصہ ہیں، چاہے وہ این اے 56 ہو یا 57، ہم سب ایک ٹیم ہیں جو حنیف عباسی کی قیادت میں پارٹی کے ہر ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے متحد ہیں۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ ماضی میں ایک سیاسی جماعت نے گالم گلوچ کی سیاست کو فروغ دیا، جس کے نتیجے میں راولپنڈی ترقیاتی لحاظ سے پیچھے رہ گیا تاہم آج اگر شہر میں یونیورسٹیز، سکولز، کالجز، میٹرو، کارڈیالوجی اور یورولوجی سینٹرز قائم ہیں تو یہ مسلم لیگ (ن) کی دن رات محنت کا ثمر ہے۔

انہوں نے کہا کہ حنیف عباسی کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی ٹیم شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم ہے اور عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے ٹیکس سے متعلق خدشات دور کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی تاکہ ان کے مسائل کو جلد از جلد حل کیا جا سکے۔