صحت کے شعبہ میں بہتری ہماری اولین ترجیح ہے، وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی شیخ زید ہسپتال کے دورہ کے موقع پر گفتگو

پیر 6 اکتوبر 2025 18:48

صحت کے شعبہ  میں بہتری ہماری اولین ترجیح ہے، وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے، صحت کے شعبے میں بہتری ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یہ بات شیخ زید ہسپتال کے دورہ کے موقع پر کی۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، خصوصاً ایمرجنسی یونٹ کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر وفاقی سیکرٹری صحت حامد یعقوب اور پنجاب ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ہسپتال انتظامیہ نے وزیر صحت کو موجودہ صورتحال، دستیاب وسائل اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔ مسائل میں طبی سہولیات، جدید مشینری کی کمی، عملے کی قلت اور دیگر اہم امور شامل تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر صحت نے ہسپتال کی بہتری کے لیے جلد از جلد ایک جامع روڈ میپ اور سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے، صحت کے شعبے میں بہتری ہماری اولین ترجیح ہے۔ وفاقی وزیر صحت نے پیرامیڈیکل سٹاف اور ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کے ساتھ شائستگی سے پیش آئیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ڈاکٹر مریض سے نرمی سے پیش آتا ہے تو مریض آدھا ٹھیک ہو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خدا کی پیاری مخلوق جب ہسپتال آتی ہے تو وہ تکلیف میں ہوتی ہے، دکھی انسانیت کی خدمت رب کی رضا کا ذریعہ ہے۔ مصطفیٰ کمال نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو بیماریوں سے بچانے کے لیے ایک مربوط اور موثر حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے تاکہ صحت عامہ کے شعبے میں حقیقی بہتری لائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :