سندھ میں صحافیوں کا قتل عام جاری

ایک اور صحافی سر عام قتل، مقتول کیساتھ موجود 8 سالہ بھتیجی بھی صدمے کے باعث دل کا دورہ پڑنے سے چل بسی

muhammad ali محمد علی بدھ 8 اکتوبر 2025 22:54

سندھ میں صحافیوں کا قتل عام جاری
میرپورماتھیلو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اکتوبر2025ء) سندھ میں صحافیوں کا قتل عام جاری، ایک اور صحافی سر عام قتل، مقتول کیساتھ موجود 8 سالہ بھتیجی بھی صدمے کے باعث دل کا دورہ پڑنے سے چل بسی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں ایک اور صحافی کو سرعام قتل کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کی جانب سے دعوٰی کیا گیا ہے کہ میرپور ماتھیلو کے نواحی گائوں پیر بخش حیدرانی میں دیرینہ دشمنی کے تنازع پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک شخص اور ایک کمسن بچی جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت طفیل رند کے نام سے ہوئی ہے، جو مقامی صحافی اور شہید نصراللہ گڈانی پریس کلب کے نائب صدر تھے۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور مقتول کی نعش تحویل میں لے کر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردی۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے دعوٰی کیا گیا کہ فائرنگ کے دوران صحافی طفیل رند کی بھتیجی بھی شدید زخمی ہوئی تھی۔

زخمی بچی کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ بچی کی نعش بھی پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ ساتھ ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات بھی جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ دیرینہ دشمنی کے شاخسانہ کے طور پر سامنے آئی اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتول صحافی طفیل رند کی بھتیجی کی موت زخمی ہونے کے باعث نہیں بلکہ صدمے کے باعث ہوئی۔ مقتول کی 8 سال بھتیجی قاتلانہ حملے کے وقت مقتول کے ساتھ ہی موجود تھی، جو فائرنگ کے باعث شدید خوفزدہ ہو گئی اور اسی باعث حرکت قلب بند ہو جانے سے بچی انتقال کر گئی۔