Live Updates

پاکستان زندہ باد، پی ٹی آئی پائندہ باد!

علی امین گنڈاپور نے اپنا استعفٰی گورنر خیبرپختونخواہ کو ارسال کر دیا

muhammad ali محمد علی بدھ 8 اکتوبر 2025 23:39

پاکستان زندہ باد، پی ٹی آئی پائندہ باد!
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اکتوبر2025ء) علی امین گنڈاپور نے اپنا استعفٰی گورنر خیبرپختونخواہ کو ارسال کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق علی امین گنڈاپور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنا استعفیٰ شیئر کیا ہے، انھوں نے سوشل میڈیا پر استعفے کےساتھ ساتھ پیغام بھی جاری کیا ہے، سابق وزیراعلیٰ کے پی نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی سے متعلق لکھا کہ بانی کے احکامات کی تعمیل میرے لیے اعزاز ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا کہ صوبے کو مالی استحکام کی راہ پر گامزن کیا، ایک سال میں دہشت گردی کے چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ علی امین گنڈاپور نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ خیبر پختونخواہ میں بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کیے، کابینہ، اراکین اسمبلی اور بیوروکریسی کا شکرگزار ہوں۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ نے اپنی ٹوئٹ کے آخر میں لکھا کہ عوام کی خدمت دیانتداری سے کی، پاکستان زندہ باد، پی ٹی آئی پائندہ باد۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں کوئی فاروڈ بلاک نہیں سب ایم پی ایز بانی کے ساتھ ہیں، خیبرپختونخواہ میں ہماری دوتہائی اکثریت قائم رہے گی، نئی خیبرپختونخواہ حکومت کو سب قبول کریں گے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی امین سے میری ایک گھنٹہ ملاقات ہوئی، آئین کے مطابق وزیراعلیٰ نے اپنا استعفا گورنر کو بھیجنا ہوتا ہے، عمران خان کی ہدایات جب ہم تک پہنچتی ہیں تو پی ٹی آئی مجاز نہیں کہ ان کی ہدایات کر رد کرے۔

بلکہ سب کی ذمہ داری عمران خان کی ہدایات پر عمل کرنا ہوتا ہے۔ علی امین گنڈا پور کچھ دیر تک پشاور جائیں گے، علی امین گنڈاپور اپنا استعفا پشاور سے گورنر خیبرپختونخواہ کو بھجوائیں گے، علی امین بانی پی ٹی آئی کے ساتھ وعدہ پورا کریں گے، علی امین نے واضح کہا کہ وزارت اعلیٰ بانی کی امانت ہے۔ بانی کی خواہش ہے کہ کے پی میں تبدیلی کی جائے۔

بانی کی ہدایات کے مطابق بننے والی نئی خیبرپختونخواہ حکومت کو سب قبول کریں گے، پی ٹی آئی میں کوئی بھی فاروڈ بلاک نہیں سب بانی کے ساتھ ہیں۔ پی ٹی آئی ارکان اسمبلی نے کروڑوں کی آفرز ٹھکرائی ہیں، بانی پی ٹی آئی کی قیادت میں پارٹی کے پی میں متحد رہے گی، پی ٹی آئی کی کے پی اسمبلی میں دوتہائی اکثریت قائم رہے گی۔کے پی میں 91 ایم پی ایزمتحد ہیں، علی امین کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا، ایک ایسا وزیراعلیٰ جس نے مالی خسارے کو سرپلس میں بدلا ہے۔ عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبہ آگے بڑھے گا۔ کپتان کو پتا ہوتا ہے کہ کھلاڑی کو کب کہاں تبدیل کرنا ہے، علی امین کو استعفا دینے کی ہدایات دی ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات