ئ*ایکسائز اینٹیلیجنس بیورو اور تھانہ ایکسائز پشاور و خیبر کی مشترکہ کامیاب کارروائی

ورسک روڈ کبابیان پر موجود آئس اور نشہ آور گولیاں تیار کرنے والے کارخانے پر چھاپہ، 3 ملزمان گرفتار

پیر 6 اکتوبر 2025 20:20

( پشاور(آن لائن ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی جانب سے صوبے میں نارکوٹکس کے خلاف ایمرجنسی کے نفاذ اور احتشام علی مشیر محکمہ ایکسائز کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں، سیکریٹری ایکسائز خالد الیاس اور ڈائریکٹر جنرل ایکسائز عبدالحلیم خان کے احکامات کے تحت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں، ڈیلروں اور سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

خصوصی طور پر نوجوانوں اور طلباء کو آئس و دیگر منشیات کے ناسور سے محفوظ رکھنے کے لیے جامع حکمتِ عملی کے تحت عدم برداشت کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔اس ضمن میں پراوینشل انچارج ایکسائز اینٹیلیجنس بیورو سعود خان گنڈاپور اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (نارکوٹکس کنٹرول) ماجد خان کی سربراہی میں ایک بڑی کاروائی عمل میں لائی گئی۔

(جاری ہے)

اس کاروائی کیلئے مذکورہ کارخانہ کی اطلاع ملنے کے بعد ایکسائز اینٹیلیجنس بیورو اور تھانہ ایکسائز پشاور و خیبر کے عملے پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جنہوںنے دن رات مسلسل کوششوں کے تحت ٹھوس شواہد حاصل کرنے کے بعد ورسک روڈ کبابیان کے علاقے میںکارخانے پر چھاپہ مارا اس دوران کارخانہ سے تقریباً 50,000 نشہ آور گولیوں کا تیار مواد، 500 سے زائد تیار گولیاں، اور 2500 گرام آئس برآمد کر لی گئی۔

اس کے علاوہ نشہ آور گولیاں اور آئس تیار کرنے میں استعمال ہونے والے اوزار و سامان بھی برآمد کر کیا جسے قبضے میں لے لیا گیا۔ کارروائی کے دوران تین ملزمان کو موقع پر گرفتار کیا گیا۔ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ منشیات تعلیمی اداروں کے طلباء اور پوش علاقوں میں ہونے والی پارٹیوں میں سپلائی کی جاتی تھیں۔ یہ کارروائی حال ہی میں کارخانوں مارکیٹ میں ہونے والے ایک اور چھاپے کے دوران سامنے آنے والی تفتیشی پیش رفت کے نتیجے میں عمل میں لائی گئی۔

پشاور میں ہونے والی اس کامیاب کارروائی میں سرکل آفیسر عاکف نواز خان، ایس ایچ او پشاور رسول رحمان خٹک، ایس ایچ او خیبر شیراز خان، انسپکٹر معراج خان، ابوزر خان اور دیگر اہلکار وں کی کوششیں شامل ہیں ۔مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے تھانہ ایکسائز خیبر میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہی

متعلقہ عنوان :