متحدہ عرب امارات کے سائیکلسٹ یوسف عبد اللہ العامری عرب چیمپئن بن گئے ، انفرادی ٹائم ٹرائل میں طلائی تمغہ جیت لیا

منگل 7 اکتوبر 2025 12:03

بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) متحدہ عرب امارات کی قومی ٹیم کے سائیکلسٹ یوسف عبد اللہ العامری نے عرب سائیکلنگ چیمپئن شپ میں مردوں کے انفرادی ٹائم ٹرائل مقابلے میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے 20 کلومیٹر کی ریس میں طلائی تمغہ جیت لیا۔اماراتی نیوز ایجنسی کے مطابق یہ مقابلہ جمہوریہ عراق کے شہر سلیمانیہ میں منعقد ہوا۔

یوسف عبد اللہ العامری نے 20 کلومیٹر کی ریس کا مطلوبہ فاصلہ 24 منٹ 25 سیکنڈ اور 30 ملی سیکنڈ میں طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ان کے ساتھی عبداللہ ابراہیم الہاشمی نے سخت مقابلے کے بعد تیسری پوزیشن حاصل کر کے کانسی کا تمغہ جیتا۔ یہ مقابلہ آخری لمحات تک سخت اعصاب شکن رہا۔یوسف عبد اللہ العامری نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطے کے بہترین سائیکلسٹس کو پیچھے چھوڑا اور پہلی پوزیشن حاصل کی جس سے انہوں نے امارات کی چیمپئن شپ میں اپنی موجودگی مزید مستحکم بنالی ۔

(جاری ہے)

یہ کامیابی صرف ایک روز بعد سامنے آئی جب امارات کی نوجوان ٹیم نے 57 کلومیٹر ٹیم ٹائم ٹرائل میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ اماراتی سائیکلسٹس ٹورنامنٹ میں مسلسل شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں جو 13 اکتوبر تک جاری رہے گا اور اس میں 9 عرب ممالک شریک ہیں۔ان نتائج کے ساتھ اماراتی قومی ٹیم اب تک دو سونے اور ایک کانسی کا تمغہ اپنے نام کر چکی ہے۔ امارات سائیکلنگ فیڈریشن نے کہا کہ یہ کامیابیاں اس کی ترقیاتی حکمت عملی، نوجوان کھلاڑیوں کی معاونت اور عرب و عالمی سطح پر اماراتی سائیکلنگ کے بلند مقام کی عکاسی کرتی ہیں۔