پی ڈی پی کا جائزہ اجلاس، 52 شہروں کے سٹریٹ میپ پر غور

وزیر بلدیات کی پروگرام کے ہر مرحلے پر مقررہ ٹائم لائن کا لازمی خیال رکھنے کی ہدایت وزیراعلیٰ مریم نواز معیار اور شفافیت پر سمجھوتہ نہیں کرتیں، ان کی ہدایات کو مدنظر رکھنا ہوگا‘ ذیشان رفیق

منگل 7 اکتوبر 2025 15:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے جائزہ اجلاس کے دوران پہلے مرحلے میں شامل 52 شہروں کے سٹریٹ میپ پر غور کیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ رضوان نصیر، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی نے بھی شرکت کی۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈیئر اسد محمود نے پی ڈی پی میں پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹینڈرنگ کا عمل جاری ہے اور 12 شہروں کے سٹریٹ میپ متعلقہ میونسپل کمیٹیز کے چیف افسروں، میونسپل آفیسرز انفراسٹرکچر (ایم او آئی) اور سب انجنیئرز کے ساتھ شیئر کر دیئے گئے ہیں۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بریفنگ پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے زور دیا کہ پی ڈی پی کے ہر مرحلے پر مقررہ ٹائم لائن کا لازمی خیال رکھا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پی ڈی پی میں شامل سرفہرست بارہ شہروں میں سب انجنئیرز کو ذمہ داریاں سونپنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لالہ موسیٰ، کامونکی، خانیوال، وزیرآباد سمیت ان 12 شہروں میں سیوریج اور ڈرین کی صورتحال زیادہ خراب ہے۔ اسی طرح اٹک، علی پور چٹھہ، لیہ، ڈسکہ، بوریوالہ بھی فوری توجہ کے طالب ہیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وہاڑی، میلسی، جڑانوالہ کو بھی ٹاپ بارہ شہروں میں شامل کیا گیا ہے۔

پی ڈی پی کا پہلا مرحلہ مجموعی طور پر 52 شہروں کے لئے ریلیف کا باعث بنے گا۔ مرحلہ وار 200 شہروں میں جامع سیوریج سسٹم تعمیر کئے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ بارانی پانی کے نکاس اور ذخیرے کیلئے زیر زمین واٹر ٹینک بنیں گے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ہر شہر میں ٹوٹی سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی۔ سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور پارکس بھی پی ڈی پی کا حصہ ہیں۔

اجلاس میں صوبائی وزیر کو پی ڈی پی کیلئے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے میکانزم پر بریفنگ بھی دی۔ ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ ہر گلی کی کام شروع ہونے سے پہلے ویڈیو ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کی جائے۔ وزیراعلی مریم نواز معیار اور شفافیت دونوں پر سمجھوتہ نہیں کرتیں۔ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کو ہر مرحلے پر مدنظر رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت تمام ڈسپوزل سٹیشنز کی سولرائزیشن کی جائے گی۔ پی ڈی پی ایک میگا پراجیکٹ ہے جس پر پنجاب حکومت 304 ارب روپے خرچ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کی تکمیل کے بعد انشااللہ اگلے 25 سال تک ان شہروں میں کسی نئی ترقیاتی سکیم کی ضرورت نہیں پڑے گی۔