جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے، دو افراد جاں بحق

منگل 7 اکتوبر 2025 21:10

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اکتوبر2025ء) جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں منگل کے روز دو افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ لبنانی وزارت صحت کے مطابق یہ حملے یاطر اور دیر عامص کے علاقوں میں کیے گئے۔وزارت صحت نے بتایا کہ یاطر کے مقام پر ایک اسرائیلی ڈرون نے ایک کھدائی کرنے والی مشین کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

ایک اور حملہ دیر عامص کے گاؤں میں ہوا جس میں ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوا۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فوج نے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ دیر عامص میں ہلاک ہونے والا شخص محمود علی عیسیٰ حزب اللہ کے مالی اور عسکری روابط کا ذمہ دار تھا۔ فوج کے مطابق یاطر کے قریب زبقین کے علاقے میں مارا جانے والا دوسرا شخص ایک انجینئرنگ وہیکل چلا رہا تھا اور مبینہ طور پر "حزب اللہ کے تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی" کی کوشش کر رہا تھا۔واضح رہے کہ نومبر میں جنگ بندی کے اعلان کے باوجود اسرائیل تقریباً روزانہ کی بنیاد پر جنوبی لبنان میں فضائی حملے کر رہا ہے اور ہر بار یہ دعویٰ کرتا ہے کہ نشانہ حزب اللہ کے عسکری ٹھکانے ہیں۔