ڈیرہ غازی خان، پولیس مقابلےکے دوران خطرناک اشتہاری اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

بدھ 8 اکتوبر 2025 09:40

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) ڈیرہ غازی خان کے تھانہ کالا کی حدود میں رات گئے پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں اقدامِ قتل اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب خطرناک اشتہاری ملزم عمر عرف عمر کھوسہ ہلاک ہو گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایچ او تھانہ کالا معہ نفری معمول کی گشت پر تھے کہ کچھی کینال کوچھہ کو کاری روڈ پر تین مسلح افراد موٹرسائیکل پر سوار نظر آئے۔

پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔

(جاری ہے)

پولیس نے حکمتِ عملی کے تحت محفوظ پوزیشنز سنبھال کر حفاظتِ خود اختیاری میں جوابی فائرنگ کی اور فوری طور پر امدادی نفری کو بھی طلب کیا۔ فائرنگ کا تبادلہ کچھ دیر جاری رہا۔ بعد ازاں سرچ آپریشن کے دوران معلوم ہوا کہ اشتہاری ملزم عمر عرف عمر کھوسہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا ہے۔موقع سے ایک موٹرسائیکل اور کلاشنکوف برآمد کر لی گئی جبکہ دیگر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزم اقدامِ قتل، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش جاری ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔