بٹگرام میں بس اڈوں پر صفائی مہم کا آغاز

بدھ 8 اکتوبر 2025 15:40

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر بٹگرام کی خصوصی نگرانی میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) نے بدھ کے روز ضلع بھر میں بس اڈوں،ویگن اسٹینڈز اور عوامی مقامات پر صفائی ستھرائی کی مہم کا آغاز کر دیا ہے،ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوام خاص طور پر مسافروں کو ایک صاف،محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے،ٹی ایم اے کے اہلکار روزانہ کی بنیاد پر صبح و شام ویگن اڈہ،جنرل بس اسٹینڈز اور دیگر مصروف مقامات پر صفائی کے فرائض انجام دے رہے ہیں،مہم میں نہ صرف کوڑا کرکٹ کی بروقت منتقلی کو یقینی بنایا جا رہا ہے بلکہ نکاسی آب کے نظام کی بہتری پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ بارشوں یا دیگر موسمی اثرات کے دوران عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے،صفائی مہم کے ساتھ ساتھ انتظار گاہوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے جن میں پینے کے صاف پانی، صاف واش رومز اور آرام دہ نشستوں کا انتظام شامل ہے،ٹی ایم اے کی جانب سے ان مقامات پر آگاہی بورڈز بھی آویزاں کیے جا رہے ہیں تاکہ شہری صفائی کا خیال رکھتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں،ڈپٹی کمشنر نے صفائی مہم کے دوران مختلف اڈوں کا دورہ کیا اور جاری کاموں کا جائزہ لیا،انہوں نے متعلقہ عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع کو صاف،سرسبز اور خوبصورت بنانا ہمارا عزم ہے اور اس میں انتظامیہ کے ساتھ ساتھ شہریوں کا تعاون بھی نہایت اہم ہے،صفائی صرف عملے کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

متعلقہ عنوان :