کسانوں کو ریلیف دینے اور گندم کی کاشت کو مزید منافع بخش بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،سید عاشق حسین کرمانی

بدھ 8 اکتوبر 2025 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کے سیڈ کمپنیوں سے کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں صوبہ پنجاب میں گندم کے بیج کی فی بوری قیمت میں ایک ہزار روپے کمی کر دی گئی ہے۔ مذاکرات میں پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو،ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان،ڈائریکٹر جنرلز زراعت نوید عصمت کاہلوں،چوہدری عبدالحمید اور سیڈ کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پروزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ گندم کے بیج کی قیمت 6500روپے سے کم کر کے 5500روپے فی بوری مقرر کر دی گئی ہے تاکہ کسانوں کو ریلیف دیا جا سکے اور گندم کی کاشت کو مزید منافع بخش بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کے بیج کی قیمت بھی 5500روپے فی بوری مقرر کی گئی ہے۔سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ کسانوں کے مفاد میں گندم کو منافع بخش فصل بنانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے تاکہ کسانوں کا اعتماد بحال ہو اور پیداوار میں اضافہ ممکن ہو۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گندم کے بیج کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ کاشتکاروں کو کسی قسم کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :