محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو گاجر کی اچھی پیداوار کے لیے گہری و زرخیز میرا زمین کا انتخاب کرنے کی ہدایت

جمعرات 9 اکتوبر 2025 11:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گاجر کی اگیتی کاشت کے لیے گہری زرخیز میرا زمین کا انتخاب کریں تاکہ اچھی پیداوار حاصل کی جا سکے۔ زراعت آفیسر مرکز کینٹ سیالکوٹ عمار عبداللہ کے مطابق گاجر کی کاشت کے لئے ایسی زمین کا انتخاب ضروری ہے جس میں پانی کے نکاسی کا مناسب انتظام موجود ہو، کاشت سے قبل زمین کو تین سے چار مرتبہ ہل چلا کر اور سہاگہ دے کر اچھی طرح نرم اور تیار کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زمین کی زرخیزی بڑھانے کے لیے فی ایکڑ 10 سے 15 ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد استعمال کی جائے، زمین کو دو مرتبہ راؤنی دے کر وتر کی حالت میں رکھا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ زمین کی تیاری کے وقت فی ایکڑ 2 بوری ڈی اے پی اور 1 بوری پوٹاش ڈالنے کے بعد پانی لگانا مفید ثابت ہوتا ہے۔ زراعت آفیسر نے کہا کہ گاجر کی کامیاب کاشت کے لیے جڑی بوٹیوں سے پاک زمین میں 6 سے 8 کلوگرام فی ایکڑ تصدیق شدہ بیج کا استعمال کیا جائے تاکہ فصل کی بہتر افزائش کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :