توہینِ عدالت کی درخواست پر چیئرمین اوگرا کو نوٹس جاری، جواب طلب

جمعرات 9 اکتوبر 2025 17:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین اوگرا کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے نوٹس جاری کر دیا۔کیس کی سماعت جسٹس شمس محمود مرزا نے آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن کی درخواست پر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آئل کمپنیوں کی رجسٹرڈ اور قانونی ایسوسی ایشن ہے، تاہم مارکیٹ میں آئل ایڈوائزری کونسل کے نام سے ایک اور غیر رجسٹرڈ ایسوسی ایشن کام کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے مطابق عدالت نے اس سے قبل چیئرمین اوگرا کو ہدایت کی تھی کہ وہ آئل ایڈوائزری کونسل کی قانونی حیثیت واضح کریں، تاہم عدالتی حکم کے باوجود چیئرمین اوگرا نے اس ایسوسی ایشن کے بارے میں کوئی جواب جمع نہیں کرایا۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ چیئرمین اوگرا نے عدالتی احکامات کی تعمیل نہیں کی، اس لیے ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے چیئرمین اوگرا سے جواب طلب کر لیا اور چیئرمین اوگرا سے آئل ایڈوائزری کونسل کی قانونی حیثیت سے متعلق وضاحت طلب کر لی۔