مختلف ممالک کے رہنمائوں کا غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کا خیر مقد م،تمام فریقوں سے اس پر عمل کا مطالبہ

جمعرات 9 اکتوبر 2025 15:57

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) دنیا کے مختلف ممالک کے رہنمائوں نے غزہ جنگ بندی کے معاہدے کا خیر مقد م کیا ہے۔بی بی سی کے مطابق فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے کہا کہ ان کا ملک غزہ میں امن کے قیام میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے ۔ انہوں نے تمام فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ معاہدے کی شرائط پر سختی سے عمل کریں۔ کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی نے کہا کہ وہ اس بات پر بہت سکون محسوس کر رہے ہیں کہ یرغمالی جلد اپنے خاندانوں سے دوبارہ مل جائیں گے، برسوں کی شدید تکالیف کے بعد امن بالآخر قائم ہوتا محسوس ہو رہا ہے۔

یورپی کمیشن کی صدر اُرسولا وا ن ڈیر لیین نے معاہدے تک پہنچنے کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں کو سراہا ہے اور کہا کہ اسرائیلی حکومت اور فلسطینی اتھارٹی سے معاہدے کے حوالے سے فراہم کیا گیا تعاون ان کے لئے حوصلہ افزا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب تمام فریقوں کو معاہدے کی شرائط پر مکمل طور پر عمل کرنا ہوگا۔یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کلاس نے کہا کہ یہ معاہدہ اہم پیش رفت کی علامت ہے اور یہ تباہ کن جنگ کے خاتمے اور تمام یرغمالیوں کی رہائی کا حقیقی موقع فراہم کرتا ہے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ وہ اس بات پر ا نتہائی خوش ہیں کہ مذاکرات کے نتیجے میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا ہے ،تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ ہم اپنی جدوجہد اُس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم نہیں ہو جاتی۔