سندھ ہائیکورٹ،مومن آباد تھانے کی حدود سے شہری کی بازیابی کی درخواست پر ایس ایس پی کیماڑی کو نوٹس جاری ،تفصیلی رپورٹ کے ساتھ طلب

جمعرات 9 اکتوبر 2025 14:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) سندھ ہائیکورٹ نے مومن آباد تھانے کی حدود سے شہری اسرار احمد کی بازیابی کی درخواست پر ایس ایس پی کیماڑی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ کے ساتھ طلب کرلیاہے،جمعرات کوسندھ ہائیکورٹ میں مومن آباد تھانے کی حدود سے شہری اسرار احمد کی بازیابی کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ لاپتا شہری کے بھائی نے کہا کہ سب انسپکٹر پارس نے بھائی کو اٹھایا ہے۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ 30 جون سے اسرار احمد لاپتہ ہے،5 ماہ گزر گئے ہیں، اسرار احمد کا کوئی پتہ نہیں۔ ریٹائرڈ سب انسپکٹرپارس نے گھر پر ریڈ کرکے شہری کو اغوا کیا۔پارس ایک ریٹائرڈ پولیس افسر ہے۔ عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا نام ہے پولیس اہلکار کا سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ پارس سب انسپکٹر ہے، ریٹائرڈ ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ ریٹائرڈ پولیس اہلکار کا تھانے میں کیا کام ہے۔

سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ وہ وہاں پر منشی کا کام کرتا تھا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ریٹائرڈ پولیس اہلکار کیسے کام کر سکتا ہے۔ کب ریٹائرڈ ہوا تھا سب انسپکٹر پارس۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ پولیس اہلکار 2019 میں ریٹائرڈ ہوا ہے۔ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ لاپتا شہری کے اغوا میں 2 ملزمان نامزد ہیں۔ جن ملزمان کو انہوں نے نامزد کیا ہے دونوں چالان ہو چکے ہیں۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ لاپتہ شہر کا سی ڈی آر کہاں ہے۔ جس دن لاپتہ شہری اغوا ہوا اس دن سے اب تک اس کا نمبر بند آرہا ہے۔ عدالت نے ایس ایس پی کیماڑی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ کے ساتھ طلب کرلیا۔ عدالت نے درخواست کی سماعت 14 نومبر تک ملتوی کردی۔