Live Updates

ملک گیر انسداد اسمگلنگ کارروائیوں میں 17 کروڑ روپے سے زائد کی منشیات برآمد

جمعرات 9 اکتوبر 2025 15:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) ملک بھر میں انسداد اسمگلنگ آپریشنز کے دوران 17کروڑ روپے سے زائد کی منشیات برآمد کرلی گئی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ان تمام کارروائیوں کے دوران 17کروڑ 24لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 637.2کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔

حکام نے مجموعی طور پر 7کامیاب کارروائیاں کیں، جن میں تعلیمی اداروں کے قریب ہونے والی کارروائیاں بھی شامل ہیں۔فاروق اعظم چوک اٹک کے قریب ایک گاڑی سے 1.2کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جب کہ ڈسٹرکٹ اٹک میں ایک اور کارروائی میں کالج کے قریب سے 810گرام آئس برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان نے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔دیگر کارروائیوں میں کاک پل اسلام آباد کے قریب ایک گاڑی سے 4کلوگرام ہیروئن، ویلج پاڈے لاہور کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 3.318 کلوگرام ہیروئن اور حاجی شاہ بس ٹرمینل اٹک کے قریب موٹر سائیکل سوار مرد و خاتون کے قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

علی شہید چیک پوسٹ لاہور کے قریب بھی ایک کارروائی کے دوران ایک ملزم سے 565گرام ہیروئن، ایک ڈرون، چار بیٹریاں اور ڈراپ کٹ برآمد کی گئی۔ سب سے بڑی کارروائی کراچی کے بدرالدین یارڈ میں عمل میں لائی گئی، جہاں افغانستان سے جاپان جانے والی شپمنٹ سے باریک پاڈر میں چھپائی گئی 625کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔ترجمان کے مطابق تمام کارروائیاں انسدادِ منشیات ایکٹ 1997ء کے تحت کی گئیں، مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ اے این ایف کا کہنا ہے کہ وہ منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی، خصوصاً تعلیمی اداروں کے قریب منشیات کے دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات