کمشنر سرگودہا ڈویژن کی زیرِ صدارت محکمہ صحت کا اجلاس ،جاری اور آئندہ مہمات کا جائزہ لیا

جمعرات 9 اکتوبر 2025 15:14

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیرِ صدارت محکمہ صحت کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صحت عامہ سے متعلق جاری اور آئندہ مہمات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر محمد ریاض، سی ای او ہیلتھ سرگودہا ڈاکٹر سائرہ صفدر اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈویژن بھر میں 4 روزہ انسدادِ پولیو مہم 13 اکتوبر سے شروع ہو گی جو 16 اکتوبر تک جاری رہے گی، مہم کے دوران 15 لاکھ 57 ہزار 210 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

مہم کے لیے 7592 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں موبائل، فکسڈ اور ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ ملیریا اور روبیلا ویکسین مہم 17 سے 29 نومبر تک جاری رہے گی، جو 2021 کے بعد دوبارہ شروع کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران6ماہ سے5سال تک کے بچوں کو ملیریا اور روبیلا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی۔ مہم کے لیے 393 فکسڈ اور 748 آؤٹ ریچ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

اجلاس کو ڈینگی کے تدارک کے لئے جاری سرگرمیوں بارے بھی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر سرگودہا ڈویژن نے ہدایت کی کہ رواں ماہ کے تیسرے ہفتے کو انسدادِ ڈینگی ہفتہ کے طور پر منایا جائے۔ انہوں نے محکمہ صحت اور دیگر اداروں کو ہدایت کی کہ سکولوں، کالجوں اور دفاتر میں آگاہی مہم کو مؤثر بنایا جائے، متاثرہ علاقوں میں سپرے اور صفائی کی کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور تمام سرگرمیوں کی موثر نگرانی یقینی بنائی جائے۔

اجلاس میں ایم آر مہم کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا کہ مہم کے دوران چھ ماہ سے پانچ سال تک کے بچوں کو روبیلا اور خسرہ سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی۔ مزید بتایا گیا کہ سرویکل کینسر سے بچاؤ کی مہم میں 9 سے 14 سال تک کی بچیوں کی ویکسی نیشن کا 91 فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔کمشنر نے کہا کہ صحت عامہ کی مہمات عوامی فلاح کے لئے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ان مہمات کو مؤثر، منظم اور شفاف انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ بیماریوں سے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔