مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹلی لوہاراں میں عملے کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے ،ڈاکٹر نوید احمد سڈل

جمعرات 9 اکتوبر 2025 17:43

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹلی لوہاراں ڈاکٹر نوید احمد سڈل نے کہا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے مریضوں کی بہتری کے لیے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ میٹنگ کے دوران کہا کہ پنجاب حکومت کے تعاون سے ہسپتال میں جدید طبی آلات، نئی لیبارٹری سہولیات اور ایمرجنسی وارڈ کی توسیع پر کام جاری ہے جس سے مریضوں کو بہتر علاج میسر آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ہسپتال میں عملے کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور ڈاکٹروں کو خصوصی تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صفائی، نظم و ضبط اور مریضوں کے ساتھ حسنِ سلوک ہسپتال انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بیماریوں سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کریں، صاف پانی پئیں، حفظانِ صحت کے اصول اپنائیں اور کسی بھی بیماری کی صورت میں فوری طور پر قریبی ہسپتال سے رجوع کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی آگاہی مہمات کے ذریعے شہریوں کو ڈینگی، ملیریا، نزلہ زکام اور دیگر وبائی امراض سے بچاؤ بارے معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرہ ہی ترقی یافتہ قوم کی ضمانت ہوتا ہے اس لئے ہم سب کو مل کر صحت کے نظام کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔