ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کی زیرِ صدارت پولیو مہم سے متعلق اجلاس، مہم کے دوران درپیش چیلنجز کا تفصیلی جائزہ

جمعرات 9 اکتوبر 2025 19:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ کی زیرِ صدارت پولیو مہم سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی، ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر پی پی ایچ آئی فیصل اقبال کھوسہ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالحمید ابڑو، ممتاز حسین، پی ایس ٹو ڈپٹی کمشنر منظور شیرازی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران گزشتہ پولیو مہم کے دوران درپیش چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ آئندہ مہم کے لئے کیے گئے انتظامات اور حکمتِ عملی پر ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر منیر احمد خان کاکڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ایک قومی اور انسانی فریضہ ہے، جو اسی وقت ممکن ہے جب معاشرے کا ہر فرد حکومت کی کوششوں میں بھرپور انداز میں شریک ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ آئندہ پولیو مہم کی موثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے، فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی پر گہری نظر رکھی جائے اور کسی قسم کی غفلت یا سستی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں اور تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون کے ساتھ اس قومی مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :