راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی انسدادِ سموگ مہم، دکانداروں اور شہریوں میں آگاہی پمفلٹس تقسیم

جمعرات 9 اکتوبر 2025 20:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کمیونیکیشن ٹیم نے انسدادِ سموگ آگاہی مہم کے سلسلے میں راول پارک اور اس کی مارکیٹ میں شہریوں سے ملاقاتیں کیں، پمفلٹس تقسیم کیے اور سموگ سے بچاؤ کے عملی اقدامات سے متعلق اہم معلومات فراہم کیں۔مہم کا مقصد شہریوں میں سموگ کی وجوہات، اس کے انسانی صحت پر اثرات اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں شعور اجاگر کرنا تھا۔

ٹیم نے دکانداروں، خریداروں اور عام شہریوں کو بتایا کہ سموگ کی بڑی وجوہات میں کچرا جلانا، گاڑیوں کا دھواں، فیکٹریوں کا فضائی اخراج اور درختوں کی کٹائی شامل ہیں۔ عوام کو تاکید کی گئی کہ وہ صفائی کے عمل میں تعاون کریں، کوڑا جلانے سے گریز کریں، درخت لگائیں اور دھوئیں کے اخراج کو کم سے کم کرنے کی کوشش کریں۔

(جاری ہے)

کمیونیکیشن ٹیم نے موقع پر موجود شہریوں کو صاف فضا، صحت مند زندگی کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ سموگ کے خاتمے کیلئے اجتماعی شعور اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔

شہریوں میں تقسیم کیے گئے آگاہی پمفلٹس میں احتیاطی تدابیر درج تھیں، جن میں ماسک کے استعمال، غیر ضروری گاڑیوں کے استعمال سے گریز، گھروں اور مارکیٹوں میں کوڑا دان کا استعمال اور ماحول دوست رویے اپنانے کی تلقین کی گئی۔راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ترجمان کے مطابق، کمپنی ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت نہ صرف صفائی ستھرائی کے عمل کو یقینی بنا رہی ہے بلکہ عوامی سطح پر ماحولیاتی آگاہی بھی پھیلا رہی ہے تاکہ راولپنڈی کو ایک صاف، صحت مند اور سموگ فری شہر بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ آر ڈبلیو ایم سی کی ٹیمیں شہر کے مختلف مقامات پر اسی نوعیت کی آگاہی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ کوڑا کرکٹ کھلے مقامات پر پھینکنے یا جلانے سے گریز کریں، کیونکہ اس عمل سے نہ صرف فضا آلودہ ہوتی ہے بلکہ سموگ کے خطرات بھی بڑھ جاتے ہیں۔مہم کے دوران شہریوں نے آر ڈبلیو ایم سی کی کوششوں کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ شہر کی صفائی اور ماحول کو بہتر بنانے کے لیے کمپنی کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :