بہاولپور، موسمیاتی تبدیلی اور سموگ سے بچائوکے حوالے سے آگاہی واک ،کسانوں، بھٹہ مالکان اور شہریوں کےلئے ہدایات جاری

جمعرات 9 اکتوبر 2025 21:00

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) محکمہ ماحولیات کے زیر اہتمام ڈی سی آفس بہاولپور سے جی پی او چوک تک انسدادِ سموگ آگاہی واک کی گئی۔ واک میں ڈائریکٹر ہیلتھ، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات، طلبہ، سرکاری محکموں کے افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندگان شریک تھے۔ آگاہی واک کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بہاولپور محمد طیب نے کہا کہ کسان اور زمیندار فصلوں کی باقیات کو تلف کرنے کے لیے آگ ہرگز مت لگائیں۔

انہوں نے کہا کہ بھٹہ مالکان بھٹہ خشت کے لیے زگ زیگ ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام فیکٹری مالکان فضائی آلودگی کنٹرول کرنے والے آلات نصب کراوئیں۔ انہوں نے سموگ کے عوامل بارے بتایا کہ کوڑا کرکٹ کو آگ لگانا، پرانے ٹائرز، چمڑے کی پرانی اشیاء کو جلانا، دھواں دیتی گاڑیوں کا استعمال، بھٹوں پر غیر معیاری ایندھن کا استعمال، پولی تھین بیگز کو آگ لگانا، دھان و کماد کی باقیات کو آگ لگانا، ان تمام اشیاء کو جلانے سے اٹھنے والا دھواں سموگ کا باعث بنتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپیشل سموگ سکواڈز کا قیام عمل میں آچکا ہے اور سکواڈ کی جانب سے فضائی آلودگی اور سموگ کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے سموگ کی وجہ بننے والی سرگرمیوں، فصل کی باقیات کو جلانے، انڈسٹریل دھویں کا اخراج، میونسپل ویسٹ کو جلانے، ٹائروں اور پلاسٹک کی اشیاء جلانے جیسی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صحت عامہ کے لیے مضر سرگرمیوں سمیت فضائی آلودگی و سموگ کا باعث بننے والی سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے۔