وفاقی کابینہ نئی انرجی وہیکل پالیسی کی منظوری دے چکی ، باقاعدہ اطلاق ہو چکا ہے، بلال اظہر کیانی

حکومت 2030ء تک ملک بھر میں 3 ہزار چارجنگ سٹیشنز قائم کرنے کا ہدف رکھتی ہے، وزیرمملکت خزانہ

جمعرات 9 اکتوبر 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی نے ایوان بالا کے اجلاس میں بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ نئی انرجی وہیکل (این ای وی) پالیسی کی منظوری دے چکی ہے جس کا باقاعدہ اطلاق ہو چکا ہے۔جمعرات کو اراکین سینیٹ کے سوالات کے جواب میں وزیر مملکت نے ایوان کو آگاہ کیا کہ نئی انرجی وہیکل پالیسی کے تحت صارفین کو سبسڈی اور فنانسنگ معاونت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو اپنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے این ای وی سکیم کے لیے رواں مالی سال کے بجٹ میں 10 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ اس پالیسی کے تحت ایک لاکھ سولہ ہزار الیکٹرک موٹر بائیکس اور تین ہزار الیکٹرک رکشوں پر سبسڈی دی جائے گی۔بلال کیانی نے مزید کہا کہ حکومت 2030ء تک ملک بھر میں 3 ہزار چارجنگ سٹیشنز قائم کرنے کا ہدف رکھتی ہے تاکہ الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا جا سکے۔وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت کا مقصد ماحولیاتی آلودگی میں کمی، ایندھن پر انحصار کم کرنا اور جدید، پائیدار ٹرانسپورٹ نظام کو فروغ دینا ہے۔

متعلقہ عنوان :