کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیرِ صدارت کابینہ کمیٹی برائے مساجد کا اجلاس

جمعرات 9 اکتوبر 2025 23:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیرِ صدارت کابینہ کمیٹی برائے مساجد کا ایک اہم اجلاس کمشنر آفس کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، سیکرٹری برائے امورِ داخلہ میر علی مدد جتک، پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی، پروجیکٹ ڈائریکٹر کیو ڈی پی رفیق بلوچ، ڈویژنل ڈائریکٹر ڈوپلیمنٹ کوئٹہ ظہور احمد سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں کیو ڈی پی کے تحت جاری سبزل روڈ اور سریاب روڈ توسیعی منصوبوں میں آنے والی مساجد سے متعلق مسائل اور ان کے حل کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر کیو ڈی پی کی جانب سے کمیٹی کو بریفنگ د ہوئے بتایا گیا کہ سبزل روڈ اور سریاب روڈ کی توسیع کے منصوبوں میں مجموعی طور پر 14 مساجد ہیں، جن میں سے چار مساجد کے مسائل حل کیے جا چکے ہیں جبکہ دیگر مساجد سے متعلق امور ابھی تک زیرِ التوا ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کابینہ کی خصوصی کمیٹی برائے مساجد علمائے کرام اور متعلقہ مساجد کمیٹیوں سے باہمی مشاورت اور مذکرات کے ذریعے قابلِ عمل تجاویز مرتب کرے گی، تاکہ مساجد کے مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کیا جا سکے اور سڑکوں کی توسیع کے منصوبے کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔کمشنر کوئٹہ ڈویڑن شاہزیب خان کاکڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ بلوچستان کی ترجیح عوامی مفاد میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مساجد کے احترام کو ہر صورت مقدم رکھتے ہوئے تمام مسائل باہمی مشاورت سے حل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سبزل روڈ اور سریاب روڈ کی توسیع نہ صرف ٹریفک کے بوجھ کو کم کرے گی بلکہ شہر کی خوبصورتی اور آمد و رفت کے نظام میں بھی نمایاں بہتری لائے گی۔

متعلقہ عنوان :