پنجاب حکومت کا سرکاری سکولوں میں دوبارہ ٹیچر انٹرنز بھرتی کرنے کا فیصلہ

تقریباً ساڑھے 12 ہزار ایس ٹی آئیز کی بھرتی کا اشتہار دیا جائے گا، ٹیچنگ لائسنس سسٹم کے اجراء کے بعد ٹیسٹ پاس کرنے والے انٹرنز کو مستقل کرنے پر غور ہوگا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 10 اکتوبر 2025 13:06

پنجاب حکومت کا سرکاری سکولوں میں دوبارہ ٹیچر انٹرنز بھرتی کرنے کا فیصلہ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اکتوبر 2025ء ) پنجاب حکومت نے سرکاری سکولوں میں دوبارہ ٹیچر انٹرنز بھرتی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری اسکولوں میں مزید ٹیچر انٹرنز بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں ساڑھے 12 ہزار کے قریب ایس ٹی آئیز کی بھرتی کا اشتہار اگلے ہفتے دیا جائے گا، پہلے سے کام کرنے والے انٹرنز ٹیچرز کے کنٹریکٹ میں 8 ماہ کی توسیع کی گئی تھی۔

بتایا گیا ہے کہ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب مستقبل میں کوئی مستقل ٹیچر نہ رکھنے پر غور کر رہا ہے، سکولوں میں تیچرز کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ٹیچر انٹرنز کا پول بنا کر ضرورت پڑنے پر وہاں سے ٹیچر رکھے جائیں گے، اور مزید 12 ہزار 500 ٹیچرز کے بعد انٹرنز کی تعداد 25 ہزار ہو جائے گی، محکمہ سکول ایجوکیشن کی طرف سے ٹیچر انٹرنز کو تنخواہ ماہانہ بنیاد پر دی جائے گی، انٹرنز ٹیچر کو سبجیکٹ سپیشلسٹ کی بنیاد پر اسکولوں میں رکھا جائے گا، ٹیچنگ لائسنس سسٹم کے اجراء کے بعد ٹیسٹ پاس کرنے والے انٹرنز کو مستقل کرنے پر غور ہوگا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پنجاب حکومت کا سرکاری اداروں میں ملازمین کی مستقلی کے حوالے سے نیا فیصلہ سامنے آیا ہے، پنجاب حکومت نے کنٹریکٹ پر بھرتی ملازمین کو مستقل کرنے والا قانون منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا، پنجاب میں اب کوئی بھی ملازم اس قانون کے تحت مستقل نہیں ہو سکے گا کیوں کہ حکومت نے پنجاب ریگولیشن آف سروس ایکٹ 2019ء کو منسوخ کرنے کی منظوری دیدی، پنجاب حکومت مستقبل میں بنیادی تنخواہ کی بنیاد پر کنٹریکٹ پر بھرتی نہیں کرے گی، کنٹریکٹ ملازمین آئندہ یکمشت تنخواہ کی بنیاد پر بھرتی ہوں گے۔                  

متعلقہ عنوان :