وزیراعظم کا اورکزئی میں 30 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

جمعہ 10 اکتوبر 2025 17:55

وزیراعظم کا اورکزئی میں 30 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اورکزئی میں 30 دہشتگردوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے افسراور جوان اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم سے ارض وطن کی حفاظت میں شب و روز مصروف عمل ہیں، لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق شہید اور میجر طیب راحت شہید سمیت دیگر شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

جمعہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے گزشتہ دنوں اورکزئی میں دہشتگردی میں ملوث فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف جمال مایہ میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کارروائی میں ملوث تیس دہشتگردوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق شہید اور میجر طیب راحت شہید سمیت دیگر شہدائ کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے افسر اور جوان اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم سے ارض وطن کی حفاظت میں شب و روز مصروف عمل ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ افواج پاکستان کا ہر افسر و جوان جو وطن عزیز کی خاطر جام شہادت نوش کرتا ہے مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہے، دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور دہشتگردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ارض وطن کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں مجھ سمیت پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔