اسپیکر وڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کا جوائنٹ سیکرٹری ایڈمنسٹریشن و ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی جواد عابد کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس

جمعہ 10 اکتوبر 2025 17:58

اسپیکر وڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کا جوائنٹ سیکرٹری ایڈمنسٹریشن و ڈائریکٹر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے جوائنٹ سیکرٹری ایڈمنسٹریشن و ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی جواد عابد کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جمعہ کو اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے جواد عابد سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کے انتقال کو جواد عابد اور ان کے اہلخانہ کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ والدہ کا سایہ قدرت کی سب سے بڑی نعمتوں میں سے ایک ہے، اور ان کا بچھڑ جانا ایک بڑا صدمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں وہ جواد عابد اور ان کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اسپیکر نے اللہ تعالیٰ سے مرحومہ کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمانے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کیلئے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے بھی جوائنٹ سیکرٹری ایڈمنسٹریشن/ڈی جی آئی ٹی جواد عابد کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے ایصالِ ثواب اور لواحقین و اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے ہمت اور حوصلہ عطاء فرمانے کی دعا کی۔سیکرٹری قومی اسمبلی سید طاہر حسین، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمنسٹریشن و سیکرٹری ٹو اسپیکر سعید احمد میتلا، اسپیشل سیکرٹری سید شمعون ہاشمی، ایڈوائزر برائے قانون سازی محمد مشتاق، اور ڈائریکٹر جنرل میڈیا قومی اسمبلی ظفر سلطان نے بھی جواد عابد سے انکی والدہ کے انتقال پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ مرحومہ کا انتقال نہ صرف جواد عابد اور انکے خاندان کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔