وزیرِ صحت مصطفی کمال کی زیر صدارت نیشنل انٹر ایجنسی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ، ملک گیر خسرہ و روبیلا ویکسی نیشن مہم کی تیاریوں کا جائزہ

جمعہ 10 اکتوبر 2025 17:56

وزیرِ صحت مصطفی کمال کی زیر صدارت نیشنل انٹر ایجنسی کوآرڈینیشن کمیٹی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیرِ صحت مصطفی کمال کی زیر صدارت نیشنل انٹر ایجنسی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیڈرل سیکرٹری ہیلتھ، ڈی جی ایف ڈی آئی سمیت مختلف وفاقی و صوبائی محکموں اور بین الاقوامی شراکت دار اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں 17 سے 29 نومبر 2025 تک جاری رہنے والی ملک گیر خسرہ و روبیلا (ایم آر) ویکسی نیشن مہم کی تیاریوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خسرہ اور روبیلا اب بھی پاکستان میں اہم عوامی صحت کے چیلنجز میں شامل ہیں۔ ان بیماریوں سے بچاؤ کے لیے بروقت ویکسی نیشن اور مؤثر آگاہی مہم ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وفاق تمام صوبوں کے ساتھ قریبی رابطہ اور مؤثر کوآرڈینیشن کے ذریعے مہم کو کامیاب بنانے کے لیے پٴْرعزم ہے۔

وزیر صحت نے ہدایت دی کہ عوامی آگاہی مہم کے لیے پیغام رسانی کو مزید مؤثر، مربوط اور جامع بنایا جائے تاکہ بچوں کی ویکسی نیشن یقینی ہو سکے۔سینیٹر مصطفیٰ کمال نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو وباؤں اور بیماریوں سے بچانا ہی حقیقی معنوں میں ہیلتھ کیئر ہے۔ ہم اس مقصد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ ایم آ ر ویکسی نیشن مہم میں 5 سال تک کی عمر کے ہر بچے کی ویکسی نیشن کو یقینی بنایا جائے اور زیادہ سے زیادہ کوریج حاصل کرنے کے لیے تمام ادارے متحرک کردار ادا کریں۔