کراچی، ڈاکووں کی فائرنگ سے بزرگ شہری سمیت دو افراد زخمی

زخمیوں کی شناخت 65 سالہ شمعون مسیح اور 40 اقبال کے ناموں سے کی گئی

جمعہ 10 اکتوبر 2025 14:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکووں کی فائرنگ سے بزرگ شہری سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کورنگی ضیا کالونی النور سوسائٹی کے قریب فائرنگ سے بزرگ شہری زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا۔

(جاری ہے)

کورنگی پولیس حکام کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ہے جبکہ مضروب کی شناخت 65 سالہ شمعون مسیح کے نام سے کی گئی۔

تاہم، اس حوالے سے پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔دریں اثنا، بن قاسم کے علاقے گھگھر پھاٹک روڈ نمبر 4 کے قریب فائرنگ سے 40 سالہ اقبال نامی شخص زخمی ہوگیا جسے چھیپا کے رضا کاروں نے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا۔ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا بتایا جا رہا ہے جبکہ مضروب ایک گولی ٹانگ پر لگی ہے، پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔