ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کا تحصیل ماڈل ٹائون کا دورہ ، صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا

جمعہ 10 اکتوبر 2025 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے کلین لاہور مشن کے تحت ضلعی انتظامیہ لاہور شہر کو صاف، خوبصورت اور شہریوں کیلئے بہتر سہولیات سے آراستہ بنانے کیلئے سرگرم عمل ہے۔ ترجمان کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے تحصیل ماڈل ٹائون کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، چیف آفیسر ایم سی ایل، اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون نے ڈی سی لاہور کو فیلڈ سرگرمیوں، صفائی ستھرائی اور ترقیاتی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈی سی لاہور نے گلبرگ مین بلیوارڈ اور غالب روڈ پر صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت جاری کی کہ بلدیہ عظمی لاہور تمام سڑکوں پر پیچ ورک کی نشاندہی کرکے فوری مرمت یقینی بنائے،ایم سی ایل فٹ پاتھوں پر موجود ٹوٹی ہوئی ٹائلز کا معائنہ کرکے انہیں ہنگامی بنیادوں پر درست کرے،واسا سڑکوں کے اطراف موجود سیوریج پائپس کو فوری طور پر ہٹائے اور نکاسی آب کے نظام کو مزید بہتر بنائے۔

(جاری ہے)

اسی طرح نالوں کی روزانہ صفائی اور مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے،ایل ڈبلیو ایم سی پورے ضلع میں صفائی کے تسلسل کو برقرار رکھے، کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،تجاوزات کے خلاف آپریشن بلا تفریق اور بھرپور طریقے سے جاری رکھا جائے۔ڈپٹی کمشنر لاہونے کہا کہ شہریوں کو بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون کو مزید بہتر بنائیں تاکہ شہریوں کے مسائل کا مستقل حل ممکن بنایا جا سکے۔ڈی سی نے واضح کیا کہ انتظامیہ شہریوں کو صاف،صحت مند و بہتر ماحول فراہم کرنے کیلئے دن رات متحرک اور کلین لاہور مشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔