Live Updates

بلغاری جیولری سیٹ رولز کے مطابق ادائیگی کرکے اپنے پاس رکھا ،بشری بی بی

اٹلی سے لگائی گئی قیمت کو بطور شہادت پیش نہیں کیا جا سکتا ،ایف آئی اے کو ممنوع فنڈنگ کیس، سائفرسے کچھ نہیں ملا تو اب یہ کیس بنا دیا ، توشہ خانہ ریفرنس میں بیان

جمعہ 10 اکتوبر 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے توشہ خانہ ریفرنس میں 342کے بیان میں کہا ہے کہ بلغاری جیولری سیٹ رولز کے مطابق ادائیگی کرکے اپنے پاس رکھا ۔ انعام اللہ شاہ کو صہیب عباسی سے کم قیمت لگانے کا کبھی نہیں کہا ،انعام اللہ شاہ پہلے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پھر وزیراعظم ہاس میں بھی ملازم تھا ، اسے 2جگہوں سے تنخواہیں لینے پر برطرف کیا ۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ فرض کریں انعام اللہ نے مجھے قیمت کم لگانے پر 3ارب 20کروڑ کا فائدہ دیا ۔ فرض کریں مئی 2021میں اگر مجھے فائدہ دیا ، پھرجولائی 2021میں صرف 70ہزار زائد تنخواہ لینے پر برطرف کیوں کر دیا ، ہمارے خلاف پراسیکیوشن کا کیس ختم ہوتا ہے جس کے حقائق ہی درست نہیں ۔

(جاری ہے)

بشری بی بی نے کہا کہ نیب کا دائرہ اختیار نہیں، اٹلی سے لگائی گئی قیمت کو بطور شہادت پیش نہیں کیا جا سکتا ۔

چیئرمین نیب نے بغیر اختیار 23مئی 2024کو وعدہ معاف گواہ صہیب عباسی کو معافی دی۔ انعام اللہ شاہ کے ذریعے صہیب عباسی کو کم قیمت لگانے کا پیغام دینے کا الزام درست نہیں ۔ ایف آئی اے نے کبھی تحقیقات نہیں کیں ۔بیان میں بشری بی بی نے کہا کہ اپنے رولز کی خلاف ورزی کرتے ہیں من گھڑت رپورٹ جمع کرائی ۔ توشہ خانہ ون کیس میں گواہ انعام اللہ اور صہیب عباسی نے بلغاری سیٹ کا کہیں ذکر نہیں کیا تھا۔

پردہ نشین خاتون ہوں کبھی کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لیا ۔بشری بی بی نے کہا کہ ہائیکورٹ نے آرڈر میں لکھا ایف آئی اے کے پاس کیس کرنے کا کوئی اختیار نہیں ۔ ایک ہی جرم پر بار بار سزا نہیں دی جا سکتی، جس طرح توشہ خانہ میں کیا جا رہا ہے ۔ ایف آئی اے کو ممنوع فنڈنگ کیس، سائفرسے کچھ نہیں ملا تو اب یہ کیس بنا دیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات