اسلام القریش پاکستان کے مرکزی دفتر ''ایوانِ قریش'' کی چابی کی حوالگی

خدمت، استقامت اور اجتماعیت کا سنگِ میل،افتتاح والدین کے ہاتھوں، برادری قائدین اور وابستگان کی بھرپور شرکت، فلاحی منصوبوں کا اعلان

جمعہ 10 اکتوبر 2025 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) اسلام القریش پاکستان کو اس کے مرکزی دفتر ایوانِ قریش کی چابی باقاعدہ طور پر حوالہ کیے جانے کی پُروقار اور تاریخی تقریب گزشتہ روز کراچی میں منعقد ہوئی، جس نے ایک نئے دور کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ اس موقع پر روح پرور اجتماع میں تنظیم کے بانی و سربراہ حاجی سلیم قریشی عطاری، ان کی والدہ، والد محترم، برادری کے ممتاز قائدین، بزرگوں، نوجوانوں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا سب سے باوقار لمحہ اس وقت آیا جب حاجی سلیم قریشی عطاری کی والدہ نے اپنے شوہر کے ہمراہ ربن کاٹ کر ایوانِ قریش کا افتتاح کیا۔ یہ منظر نہایت جذباتی، عقیدت آمیز اور دعاو?ں سے لبریز تھا۔ بعد ازاں اجتماعی دعا میں ادارے کی ترقی، برادری کی یکجہتی اور نئی نسل کے روشن مستقبل کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

(جاری ہے)

حاجی سلیم قریشی عطاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمارے مشن، جدوجہد اور قربانیوں کی ایک روشن علامت ہے۔

ایوانِ قریش صرف اینٹ پتھروں کی عمارت نہیں بلکہ ایک نظریہ، ایک فکر اور ایک خواب کی عملی تعبیر ہے جو برادری کی خدمت، اصلاح، تربیت اور فلاح کا مرکز بنے گا۔انہوں نے اعلان کیا کہ اس عمارت میں جلد ایک جدید طرز کا اسکول قائم کیا جائے گا، جس میں 500 بچوں کو معیاری تعلیم مہیا کی جائے گی۔ یہ اسکول صرف تعلیم ہی نہیں بلکہ تربیت، کردار سازی اور دین و دنیا کی ہم آہنگی کا مؤثر مرکز ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام القریش پاکستان نہ صرف ایک نظریاتی برادری پلیٹ فارم ہے بلکہ ایک متحرک فلاحی تنظیم بھی ہے جو پہلے ہی کئی فلاحی منصوبے چلا رہی ہے جن میں مالی امداد، طبی سہولیات، تعلیمی وظائف، روزگار کی رہنمائی اور اجتماعی مشاورت شامل ہیں۔تقریب میں سرپرستِ اعلیٰ حاجی ستار قریشی، وائس چیئرمین ماسٹر سلیم قریشی، وائس چیئرمین انیس لالہ قریشی، شہاب الدین قریشی، بھورا قریشی، صابر قریشی، عامر قریشی، جاوید قریشی، حامد قریشی اور دیگر مرکزی رہنما بھی شریک تھے، جنہوں نے اس موقع کو برادری کے لیے فخر کا لمحہ قرار دیا۔

مقررین نے اپنے خیالات میں کہا کہ ایوانِ قریش کا قیام، قیادت کے اخلاص، عزم، اور منظم وژن کا ثبوت ہے۔ یہ مرکز نہ صرف برادری کی تنظیمی سرگرمیوں کا محور بنے گا بلکہ اجتماعی فیصلوں، فلاحی سرگرمیوں اور نئی نسل کی دینی و اخلاقی تربیت کا مؤثر ذریعہ بھی ثابت ہوگا۔تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء نے حاجی سلیم قریشی عطاری اور ان کی ٹیم کو اس عظیم کامیابی پر مبارکباد دی اور دعا کی کہ یہ مرکز نسلوں تک برادری کے اتحاد، خدمت اور ترقی کا روشن مینار ثابت ہو۔ایوانِ قریش اب محض ایک عمارت نہیں، بلکہ فکری قیادت، اجتماعی شعور اور عملی خدمت کی نئی بنیاد ہے، جہاں سے قریش برادری کے لیے نئی صبح طلوع ہوگی۔