سیلاب متاثرہ علاقوں سبزیوں کے 4 لاکھ بیج کے پیکٹس مفت تقسیم کیے جا رہے ہیں۔سیکریٹری زراعت پنجاب

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 16:41

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت سبزیوں کی پیداوار میں اضافے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبہ بھر میں سبزیوں کی کاشت میں اضافے کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر سیکریٹری زراعت افتخار علی سہو نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے کاشتکاروں میں 4 لاکھ سبزیوں کے بیج کے پیکٹس مفت تقسیم کیے جا رہے ہیں تاکہ کاشتکار اپنی زمینوں پر دوبارہ سبزیاں کاشت کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ سبزیوں کی کاشت میں اضافہ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔ متوازن غذا کے لیے سبزیاں بنیادی اہمیت رکھتی ہیں اور ان کی روزمرہ خوراک میں شمولیت صحت مند معاشرے کی ضامن ہے۔

(جاری ہے)

افتخار علی سہو نے مزید کہا کہ کاشتکاروں کو جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے بارے میں مکمل رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے اور کچن گارڈننگ کے فروغ کے لیے محکمہ زراعت کی جانب سے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس منصوبے کے تحت گھریلو سطح پر سبزیاں اُگانے کے رجحان کو عام کیا جا رہا ہے۔ کچن گارڈننگ کے لیے تیار کردہ ایک پیکٹ میں پانچ مرلہ رقبے پر کاشت کے لیے آٹھ اقسام کی سبزیاں شامل ہیں تاکہ شہری اپنی روزمرہ ضروریات کی سبزیاں خود اُگا سکیں۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ایڈمن اعجاز منیر، ڈائریکٹر جنرلز محکمہ زراعت پنجاب چودری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں، ڈاکٹر عبدالقیوم اور کنسلٹنٹ محکمہ زراعت پنجاب ڈاکٹر انجم علی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی.