زرعی ترقی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 23:23

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) محکمہ زراعت کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال میں زیادہ گندم اگاؤ مہم کے سلسلے میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی ترقی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے جامع اقدامات جاری ہیں۔

کسانوں سے گندم کی فصل 3500 روپے فی من خریدنے کیلئے حکومت پنجاب اور پرائیوٹ سیکٹرمیں معاہدہ ہوا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ زیادہ گندم اگاؤ مہم سے ضلع مظفرگڑھ میں پیداوار میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔کسانوں کو جدید زرعی طریقے اپنانے اور بروقت کاشت کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

سیمینار کے کامیاب انعقاد پر محکمہ زراعت کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔انھوں نے کہا کہ کسانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ضلعی انتظامیہ بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے کسان دوست اقدامات زرعی معیشت کے استحکام کا باعث بنیں گے۔کسانوں کو ایگریکلچر مالز کے ذریعے آسان رسائی اور سہولت فراہم کی جائے گی۔کسانوں کو جدید تربیت، مشینری اور سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے شرکاء کو گندم کی اہمیت اور افادیت بارے آگاہی دی۔ انھوں نے کہا کہ گندم کی پیداوار نہ صرف غذائی خود کفالت کیلئے ضروری ہے بلکہ معاشی استحکام کی بھی ضمانت ہے۔

انھوں نے کہا کہ کسان پیکیج کے تحت کاشتکاروں کو معیاری بیج، کھاد اور جدید مشینری فراہم کی جا رہی ہے۔ گندم کی پیداوار میں اضافے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔پنجاب کے بارانی علاقوں میں گندم کی کاشت 15 اکتوبر جبکہ آبیاشی علاقوں میں یکم نومبر سے شروع ہوگی۔سیمنار میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عوید ارشاد سمیت زرعی ماہرین اور کسانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔\378