والڈ سٹی آف لاہوراتھارٹی کی جانب سے شالیمار باغ میں ڈرم سرکل ایکٹیویٹی کا انعقاد، شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 19:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) حکومتِ پنجاب کی ہدایات پر والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی جانب سے 11اکتوبر 2025 کو تاریخی شالامار گارڈنز میں ڈرم سرکل ایکٹیویٹی کا انعقاد کیا گیا۔ترجمان کے مطابق یہ اقدام عوام کو صحت مند تفریحی سرگرمیوں کی فراہمی اور ثقافتی فروغ کے مقصد سے کیا گیا ہے تاکہ شہری اپنے تاریخی ورثے سے جڑے رہیں اور انہیں پرسکون ماحول میں تفریح کے مواقع میسر آئیں۔

یہ رنگا رنگ تقریب اتھارٹی کے نئے سیزن کی پہلی سرگرمی تھی جو ہر سال اکتوبر سے اپریل تک جاری رہتی ہے۔تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ ڈرم بجانے کی اجتماعی دھنوں نے شالامار گارڈنز کے ماحول کو خوشی، توانائی اور ہم آہنگی سے بھر دیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نجم الثاقب نے کہا کہ ایسی سرگرمیوں کے ذریعے ہم عوام کو ایک خوشگوار اور دلچسپ انداز میں ان کے ثقافتی ورثے سے قریب لانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ شالیمار باغ اپنی تاریخی حیثیت اور خوبصورتی کے باعث ایسی تقریبات کے لیے بہترین مقام ہے جو فن، موسیقی اور تاریخ کو ایک جگہ اکٹھا کرتی ہیں،اس کامیاب تقریب کے بعد اب ہر ماہ ڈرم سرکل ایکٹیویٹی شالامار گارڈنز میں منعقد کی جائے گی ۔ یہ سرگرمی اتھارٹی کے ثقافتی کیلنڈر کا ایک مستقل حصہ بن جائے گی، جہاں خاندانوں، نوجوانوں اور سیاحوں کو یکساں طور پر شرکت کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہاکہ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی حکومتِ پنجاب کے ویژن کے مطابق ثقافتی احیا اور ورثہ پر مبنی تفریحی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :