حاجی نظام الدین کی وفات بہت بڑا صدمہ ہے‘جے یو آئی لاہور سٹی

مرحوم کا اخلاص ، خوش اخلاقی ،اصول پسندی کارکنان کیلئے مثال ہے‘ افضل خان ودیگرکا مشترکہ بیان

اتوار 12 اکتوبر 2025 11:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) امیر جمعیت علما ئے اسلام سٹی لاہور محمد افضل خان،جنرل سیکرٹری حافظ عرفان شجاع بٹ،سالا رمولانا محمد عمیر مہمند، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الودود شاہد،صدر لائرز فورم لاہور محمدہاشم تہامی ایڈووکیٹ،صدر لائرز فورم سٹی لاہورفیضان شجاع بٹ ایڈووکیٹ،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات قاری منظور الحسن چترالی نے اپنے مشترکہ بیان میں جے یو آئی کے سینئر رہنماء اور سابق امیدوار صوبائی اسمبلی حاجی نظام الدین کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم پارٹی کے ایک مخلص، نڈر اور باعمل کارکن تھے۔

انہوں نے اپنی پوری زندگی ملک میں اسلامی نظام کے عملی نفاذ کے لیے جدوجہد میں گزاری۔ان کی وفات سے جمعیت علما ئے اسلام ایک وفادار اور متحرک ساتھی سے محروم ہو گئی ہے،ان کا خلا ء مدتوں پر نہیں ہو سکے گا ، ان کی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ان کا اخلاص، سادگی اور تنظیم سے وابستگی کارکنان کے لیے مشعلِ راہ ہے۔وہ ہمیشہ تنظیمی نظم و ضبط کے پابند اور قیادت کے وفادار رہے،ان کی سادگی، خوش اخلاقی اور اصول پسندی کارکنان کے لیے ایک مثال ہے،اللہ تعالی مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے، قبر کو منور اور منزلیں آسان فرمائے، اور لواحقین و متعلقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔