پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اٹک میں ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے خلاف کارروائیاں ، صفائی کے ناقص انتظامات پر بھاری جرمانے عائد

اتوار 12 اکتوبر 2025 11:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی نارتھ ریجن نے اٹک میں ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے صفائی کے ناقص انتظامات پر بھاری جرمانے عائد کیے۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق جی ٹی روڈ اور تربیلا روڈ پر موجود 10 معروف ریسٹورنٹس کی تفصیلی چیکنگ کی گئی۔

(جاری ہے)

معائنے کے دوران 4 ریسٹورنٹس کو صفائی کی ابتر صورتحال اور ناقص اشیائے خورونوش رکھنے پر مجموعی طور پر 3 لاکھ 50 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے جبکہ ایک ریسٹورنٹ کو حفظان صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی پر سیل کر دیا گیا۔

فوڈ اتھارٹی نے مزید 5 فوڈ پوائنٹس کو معیار میں بہتری کے لیے اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے۔ ترجمان کے مطابق صوبے بھر میں ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کی چیکنگ کا عمل بلا تعطل جاری ہے تاکہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :