سرگودھا، دودھ میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز

اتوار 12 اکتوبر 2025 16:20

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا شیریٰ گل نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کےہمراہ دودھ میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کے زیر نگرانی جاری اس مہم کے دوران ڈیری روڈ سرگودھا پر دودھ فروشوں کی دکانوں سے نمونے حاصل کیے گئے۔

مجموعی طور پر آٹھ دکانوں سے دودھ کے سیمپل اکٹھے کیے گئے جبکہ مختلف دودھ مصنوعات کے فوری ٹیسٹ بھی کیے گئے۔ مزید کارروائی کے دوران سرگودھا کے نواحی قصبہ بھاگٹانوالہ میں بھی دودھ کے سیمپلنگ اور لکیٹوز اسکین کیے گئے۔ جن دکانوں پر دودھ کے نتائج غیر معیاری پائے گئے وہاں موجود دودھ موقع پر ہی تلف کر دیا گیا اور دکانداروں پر جرمانے عائد کیے گئے۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر شیریں گل کا بتانا ہے دودھ میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے فوڈ اتھارٹی سے ملکر باقاعدہ کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے جو مرحلہ وار تمام بازاروں اور علاقوں تک پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو خالص اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور کسی کو عوامی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :