ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی زیر صدارت ضلعی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ،مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا

اتوار 12 اکتوبر 2025 17:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) ضلع سیالکوٹ میں انتظامیہ نے گزشتہ ماہ ستمبر کے دوران 54 غیر قانونی پٹرول پمپس اور 58 ایل پی جی سٹیشنز کو سر بمہر کیا اور 31 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں جبکہ چھ پٹرول پمپ مشینیں اور دو ایل پی جی منتقلی کی غیر قانونی مشینیں قبضہ میں لی گئیں۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت منعقدہ ضلعی کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئی۔

اجلاس میں لیفٹیننٹ کرنل محمد عمیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ایوب بخاری اور مختلف متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ غیر قانونی پڑول پمپ مشینیں اور ایل پی جی ڈی کینٹنگ مشینیں بنانے اور سپلائی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے اور اس حوالے سے سپیشل برانچ کی مدد سے باقاعدہ رپورٹ مرتب کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے غیر قانونی پٹرول پمپس اور ایل پی جی فلنگ سٹیشنز کے خلاف کارروائی کے دوران قبضہ میں لی گئی پمپنگ اور ڈی کینٹنگ مشینوں کی تلفی کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی اور ہدایت کی کہ قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے قبضہ میں لئے گئے سامان کو تلف کیا جائے۔ اجلاس میں ضلع بھر میں بھکاریوں کے خلاف جاری کارروائی کے بارے میں بتایا گیا کہ ماہ ستمبر کے دوران 80 بھکاریوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 11 کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گدا گری کرتے ہوئے 11 بچے بھی گرفتار کئے گئے جن میں چھ بچے اور پانچ بچیاں شامل ہیں۔ گذشتہ ماہ چھ بھکاری بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے خلاف کر دیا گیا جبکہ پانچ کو وارننگ کے بعد انکے ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ اجلاس میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، پیرا کی کارروائیوں اور ٹریفک حادثات کے متعلق بھی تفصیلات کے بارے میں بتایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور چھوٹی عمر کے ڈرائیوروں ، جن کے پاس لائسنس نہیں ہے ، کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

متعلقہ عنوان :