ہرنو میں 330 کنال آراضی تجاوزات سے آزاد، 6 بڑی عمارتیں، 2 سوئمنگ پولز اور درجنوں ڈھانچے مسمار

اتوار 12 اکتوبر 2025 17:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے وژن اور گُڈ گورننس روڈ میپ پالیسی کے تحت گلیات کے مختلف علاقوں میں انسدادِ تجاوزات کے آپریشنز مسلسل جاری ہیں۔محکمہ سیاحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قدرتی حسن کی بحالی اور سرکاری زمینوں کے تحفظ کے عزم کے ساتھ ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد نے اتوار کو ہرنو میں ایک بڑے پیمانے پر انسدادِ تجاوزات آپریشن کامیابی سے مکمل کیا۔

یہ کارروائی ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر-تھری انمول انور، اسسٹنٹ کمشنر کی زیرِ قیادت، محکمہ آبپاشی اور گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے باہمی تعاون سے انجام دی گئی۔ آپریشن سے قبل محکمہ آبپاشی نے ریونیو عملے بشمول گرداور اور پٹواری حلقہ کی مدد سے ہائی فلڈ لیول کے تعین کے بعد زمین کی باقاعدہ نشاندہی اور حد بندی کی تھی،تمام تجاوز کنندگان کو پیشگی نوٹسز جاری کیے گئے تھے تاکہ قانونی تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

(جاری ہے)

صبح سویرے بھاری مشینری کی مدد سے آپریشن کا آغاز کیا گیا جس کے دوران تقریباً 330 کنال قیمتی سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی۔ اس کارروائی میں 6 بڑی تعمیرات، 2 سوئمنگ پولز، چار دیواریں، کینٹینز اور متعدد تھڑے مسمار کیے گئے۔ اگرچہ سول عدالت کی جانب سے سٹیٹس کو کا حکم موجود تھا، تاہم متعلقہ اراضی جو شملات دہ کے زمرے میں آتی ہے، اس وقت عالی مرتبت پشاور ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہے۔

یہ تنازعہ محکمہ اوقاف، دیہہ دیسال کے مقامی باشندگان اور جودت کمپنی (پرائیویٹ) کے مابین ہے۔ انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ آپریشن صرف نالہ کے گزرگاہی علاقے تک محدود رکھا گیا اور اس حوالے سے عالیہ عدالتِ عظمیٰ اور پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کی مکمل پاسداری کی گئی۔ گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق اس مہم کا مقصد قدرتی آبی راستوں کی بحالی، سرکاری املاک کا تحفظ اور بے ہنگم تجاوزات سے ماحولیاتی بگاڑ کی روک تھام ہے جبکہ سرکاری زمین عوامی امانت ہے، ذاتی جاگیر نہیں یہ کہ حکومت خیبر پختونخوا قانون کی بالادستی اور گلیات کے قدرتی حسن کے تحفظ کے لیے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔

یہ کامیاب کارروائی صوبے میں جاری انسدادِ تجاوزات مہم کا ایک اور سنگِ میل ہے، جو اس امر کی غماز ہے کہ ترقی، ماحول کے تحفظ اور قانون کی پاسداری کے ہم آہنگ سفر کے بغیر ممکن نہیں۔