فوڈ اتھارٹی کا لاہور بھر میں کریک ڈاؤن، 12ہزار لیٹر جعلی دودھ تلف ،10مقدمات درج،4ٹینکر ضبط کر لئے

اتوار 12 اکتوبر 2025 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور بھر میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 13ہزار لیٹر سے زائد دودھ کی چیکنگ کرکے 12ہزار 15لیٹر جعلی دودھ تلف کر کے 10مقدمات درج جبکہ 4 ٹینکر ضبط کرلیے گئے۔تفصیلات کے مطابق موقع پردودھ کے ٹیسٹ فیل ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی ،دودھ میں پانی، پاوڈر، ویجیٹیبل گھی کی ملاوٹ اور قدرتی فیٹ کی کمی پائی گئی۔

(جاری ہے)

فوڈ سیفٹی ٹیموں نے لاہور سپلائی کے لیے تیار ناقص دودھ تلف کر کے راوی روڈ میں 4، گڑھی شاہو میں 3، اقبال ٹاؤن میں 2 اور دھرمپورہ میں 1مقدمہ درج کروادیا ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز جعلساز مافیا کا ہر ہتھکنڈا ناکام بنا کر پنجاب کو ملاوٹ سے پاک کرنے کے مشن پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں سپلائی ہونے والے دودھ کی مسلسل ٹیسٹنگ جاری ہے،دودھ کے نام پر سفید زہر کے بیوپاریوں کے گرد شکنجہ مزید سخت کردیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر لاہور میں فری ملک ٹیسٹنگ اور نیوٹریشن آگاہی کیمپس لگائے گئے ہیں، شہری گھروں میں استعمال ہونے والے دودھ کو کسی بھی کیمپ سے مفت ٹیسٹ کروا سکتے ہیں۔