تمام سرکلز میں کھلی کچہریوں کا انعقاد باقاعدگی سے جاری ہے، چیف ایگزیکٹو لیسکو

پیر 13 اکتوبر 2025 13:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کے تمام سرکلز میں گزشتہ ہفتے 988 منعقدہ کھلی کچہریوں کے دوران شہریوں کی جانب سے بجلی سے متعلق مجموعی طور پر6,924 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے6,897 شکایات حل کر دی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق لیسکو نے شکایات کے فوری ازالے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور صرف 27 شکایات زیرِ التوا رہ گئیں۔

گزشتہ ہفتے کے دوران لیسکو کے تمام سرکلز میں صارفین کی سہولت کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رہا۔ ان کچہریوں میں سب سے زیادہ شکایات ایسٹ لاہور سرکل میں موصول ہوئیں، جہاں1,822 شکایات درج ہوئیں اور تمام شکایات کا ازالہ کر دیا گیا۔ سدرن لاہور سرکل میں تمام 1,607،ناردرن سرکل میں تمام861 شکایات نمٹائی گئیں جبکہ سینٹرل لاہور سرکل نے594 میں سے 568 شکایات حل کیں۔

(جاری ہے)

دیگر سرکلز بشمول اوکاڑہ، شیخوپورہ، قصوراور ننکانہ نے بھی شکایات کے ازالے میں شاندار کارکردگی دکھائی۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ شکایات بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ سے متعلق تھیں جن کی تعداد 2,315 رہی، جن کا ازالہ کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اوور بلنگ اور خراب میٹرز سے متعلق135 شکایات نمٹائی گئیں جبکہ خراب ٹرانسفارمرز کے27 کیسز مکمل طور پر حل کر دیئے گئے۔

کھلی کچہریوں میں نئے کنکشنز کے حوالے سے بھی 130 درخواستیں موصول ہوئیں جن پر فوری کارروائی کی گئی۔ دیگر مختلف نوعیت کی4,311 شکایات بھی موصول ہوئیں جنہیں مکمل طور پر حل کر دیا گیا۔چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینیئرمحمد رمضان بٹ کی خصوصی ہدایات پر تمام سرکلز میں کھلی کچہریوں کا انعقاد باقاعدگی سے کیا جا رہا ہے تاکہ عوامی مسائل موقع پر ہی حل کیے جا سکیں۔ چیف ایگزیکٹو نے کہا ہے کہ عوامی سہولت لیسکو کی اولین ترجیح ہے، اور ہر سطح پر شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شکایات کے ازالے کو فوری اور موثر بنائیں۔

متعلقہ عنوان :