ْفردوس جمال کو کام کی بجائے متنازع بیانات کی وجہ سے انٹرویوز میں بلایا جاتا ہے، فائزہ حسن

پیر 13 اکتوبر 2025 23:08

ْفردوس جمال کو کام کی بجائے متنازع بیانات کی وجہ سے انٹرویوز میں بلایا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) اداکارہ فائزہ حسن نے کہا ہے کہ فردوس جمال کے بیانات کے باوجود انہیں پسند کرتی ہوں، فردوس جمال ہوں یا ناصر ادیب انہیں انٹرویوز میں دوسروں، ساتھی فنکاروں کی زندگیوں پر تبصرہ کرنے کے بجائے تخلیقی امور پر گفتگو کرنی چاہیے۔ایک انٹرویو میں فائزہ حسن نے کہا کہ پوڈکاسٹرز سستی شہرت اور ویوز حاصل کرنے کے لیے آرٹسٹ کے متنازع بیانات حربے کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ مجھے اس کا بہت افسوس ہوتا ہے کہ پوڈکاسٹر فردوس جمال سے ہمیشہ ایسے سوالات پوچھے جاتے ہیں جو انہیں غصہ دلادیتے ہیں۔فائزہ حسن نے کہا کہ میں ان کی اور ناصر ادیب کی مداح ہوں اور میں نے ان دونوں کا کام دیکھا ہوا ہے، مجھے ان کی ذاتی زندگی میں کوئی دلچسپی نہیں، لیکن مجھے لگتا ہے کہ انہیں انٹرویوز کے دوران دوسروں کو ڈسکس کرنے کے بجائے کام کی بات کرنی چاہیے، مجھے یقین ہے کہ ان کا مطالعہ بہت وسیع ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بعض پوڈکاسٹرز جعلی صحافی ہوتے ہیں، انہیں آرٹسٹ کے کام کے بارے میں بھی علم نہیں ہوتا، وہ صرف ویوز کی خاطر ایسے مہمانوں کو دعوت دیتے ہیں جو متنازع گفتگو کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں میزبان کو ایسے سوال پوچھنے سے گریز کرنا چاہیے وہیں آرٹسٹ کو بھی سوچ سمجھ کے بولنے کی ضرورت ہے اور سوچ سمجھ کے بولنا ایک آرٹسٹ کا کام ہے، وہ کام کرکے اتنا تو سیکھ ہی جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :